ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جنگل واسیوں کو ہراسا ں کرنے والے افسران کے خلاف دیا گیا ڈی ایف او کومیمورنڈم

جنگل واسیوں کو ہراسا ں کرنے والے افسران کے خلاف دیا گیا ڈی ایف او کومیمورنڈم

Thu, 28 Mar 2019 13:07:32    S.O. News Service

سرسی 28؍مارچ(ایس او نیوز) ڈپٹی کنزرویٹر آف فاریسٹ کے حدود میں جنگلی واسیوں کو محکمہ جنگلات کے افسران کی جانب سے مسلسل ہراساں کیے جانے کے خلاف جنگل واسیوں اور اتی کرم داروں کے حقوق کے لئے سرگرم احتجاجی کمیٹی نے سرسی میں ڈی ایف او کو میمورنڈم دیا اور خاطی افسران کے خلاف کارروائی کرنے کی مانگ کی ہے۔

ضلع اتی کرم دار ہوراٹا سمیتی کے صدر ایم رویندرا نائک کی قیادت میں ضلع کے مختلف تعلقہ جات سے آنے والے جنگل واسیوں نے ڈی ایف او سدرشن سے ملاقات کی اور کہا کہ محکمہ جنگلات کے افسران قانونی حدود اوراختیارات سے باہر جاکر جنگل واسیوں کو مسلسل ہراساں کررہے ہیں۔جنگل واسیوں کے نمائندوں نے اس بات پر برہمی ظاہر کی کہ جنگلاتی زمین کے حقوق حاصل کرنے کے لئے درخواستیں داخل کی گئی ہیں اس کے باوجود کھیتی باڑی کی زمینوں پر اگائی گئی فصلوں کو محکمہ جنگلات کے افسران نقصان پہنچارہے ہیں اور جنگل واسیوں کو مالی اور ذہنی اذیت دے رہے ہیں۔روزانہ آمد ورفت کے لئے جو راستے استعمال ہوتے ہیں وہاں گڈھے کھودکر عوام کے لئے رکاوٹیں پید اکی جارہی ہیں۔ سمشان کے لئے استعمال ہونے والی زمین کے اطراف کمپاؤنڈ تعمیر کرنے نہیں دیا جارہا ہے۔

جنگل واسیوں کے نمائندوں اور محکمہ جنگلات کے افسر رگھو کے درمیان قانونی نکات اور جنگلاتی زمین کے حقوق کے سلسلے میں بڑی گرما گرم بحث بھی ہوئی۔اس موقع پر ڈی ایف سدرشن نے مداخلت کرتے ہوئے جنگل واسیوں کے نمائندوں کو یقین دلایا کہ محکمہ جنگلات کے افسران پر زیادتیوں کے جو الزامات لگائے گئے ہیں اس کی تحقیقات کی جائیں گی اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جنگل واسیوں کو مناسب تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

ڈی ایف او کے ساتھ ملاقات کرنے والوں میں ہوراٹا سمیتی کے عہدیدارابراہیم نبی صاب سید، ہسیرو سینے کے صدر منجو ناتھ شاستری اوچگیری، بھیمسو والمیکی، شیوانند جوگی، راج شیکھر گوڈرو، نہرو نائک، تیمّا مراٹھی، ملیکا ارجن اونی کیری، حبیب کیروتّی وغیرہ موجود تھے۔


Share: